ماں سے بیٹے کی 73 برس بعد ملاقات

ماں سے بیٹے کی 73 برس بعد ملاقات
سورس: File photo

الجزائر سٹی،ماں بیٹے کی 73 سال بعد ہونے والی ملاقات نے سب کو جذباتی کردیا ۔ 

الجزائر کے 73 سالہ عبدالرحمان سالوں سے اپنی والدہ کی تلاش میں تھے انہوں نے اپنی والدہ کی تلاش میں دنیا کے کئی ملک کئی شہر پھرے لیکن ان کی جنت فرانس کے ایک اولڈہوم میں مقیم تھی ۔ 

 یمینہ نامی خاتون اپنے شوہر کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوگئی اور اپنے دوماہ کے بیٹے کو دادی کے حوالے کر کے گھر سے چلی گئی ۔ جس کے بعد دونوں ماں بیٹے میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی ۔

 عبدالرحمان نے جب  ہوش سنبھالا اور 14 سال کے ہوئے تو دادی نے اس کے  باپ کے مظالم اور ماں کے چھوڑ جانے کے بارے بتایا جس نے بیٹے کے دل میں ماں کی ممتا کی ایسی شمع جلائی جو آج تک بجھ نہ سکی ۔ 

عبدالرحمان  نے اپنی والدہ کی تصاویر لے کر دور دراز کے رشتہ داروں تک رسائی حاصل کی لیکن اپنی والدہ کا کو ئی سراغ نہ لگا سکا۔ 

ماں کی محبت کا متلاشی  ماں کی  تلاش میں خود 73 سال کی عمر تک پہنچ گیا ۔ ایک روز عبدالرحمان  کو پتہ چلا کہ فرانس کے اولڈہوم میں ایک خاتون مقیم ہے جو اس کی والدہ ہوسکتی ہے ۔ عبدالرحمان  اس وقت بلجیم تھے جہاں سے وہ سفر کرکے فرانس پہنچے ۔ اولڈ ہوم پہنچ کر جب اس نے بیڈ پر لیٹی ہوئی خاتون کو دیکھا تو اس کو اسی وقت اندازہ ہوگیا کہ یہ ہی اس کی والدہ ہے ۔93 سالہ ماں یمینہ فالج کا شکار ہیں لیکن  جب ان کو بتایا گیا کہ وہ جس بیٹے کو چھوڑ کر آگئی تھیں وہ بیٹا ان سے ملنے آیا ہے تو ایکدم سے ان میں بجلی بھر گئی اوران کا چہرہ کھل اٹھا ۔ 

ماں بیٹے کی 73 سال بعد ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔