ہم حکومت اور نیب کو بے بس کر دیں گے، مولانا فضل الرحمان

ہم حکومت اور نیب کو بے بس کر دیں گے، مولانا فضل الرحمان
کیپشن: ہم حکومت اور نیب کو بے بس کر دیں گے، مولانا فضل الرحمان
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

حیدر آباد: پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا حکومتیں دھاندلی سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں سے بنتی ہیں اور ہم اب جمہوریت کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے باہر نکلے ہیں اور یہ تحریک اپنی منزل کو پہنچے گی کیونکہ ہمارے کارکن تھکنے والے نہیں جبکہ تحریکیں حوصلے اور کمٹمنٹ کے ساتھ چلتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان نااہلوں کو نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے کیونکہ یہ حکمران ناجائز، چور دروازے سے اقتدار میں آئے اور اگر ان کو سیاست سیکھنی ہے تو ہماری شاگردی کرنی پڑے گی۔ 2018  میں منصوبہ بندی کے تحت انتخابی دھاندلی کی گئی اور یہ لوگ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور عمران خان ملک کیلئے ایک مہلک بیماری ہے جبکہ یہ کبھی آئین تو کبھی قانون میں ترمیم کا سوچتے ہیں اور ہم نام لکھ کر ووٹ دینے کے حق میں نہیں اور الیکشن کمیشن نے کہا بیلٹ ہمیشہ خفیہ ہوتا ہے تاہم میں عدالت سے استدعا کروں گا کہ معاملے میں خود کو فریق نہ بنائے۔

انہوں نے کہا جزائر پر مقامی لوگوں کا حق ہے اور کسی قیمت پر وفاق کو جزائر پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نااہل حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہ دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں اور ان لوگوں نے تو ایک کروڑ نوکریاں دینا تھیں لیکن یہ الٹا لوگوں کی نوکریاں چھین رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا نیب کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے لیکن ہم حکومت اور نیب کو بے بس کر دیں گے کیونکہ فارن فنڈنگ کیس اپوزیشن جماعتوں نے نہیں انکی اپنی جماعت کے بانی رکن نے دائر کیا اور اعتراف کیا گیا بیرون ممالک سے پیسہ عمران خان کے ذاتی ملازمین کے نام پر آیا اور جو ہمیں این آر او نہ دینے کی باتیں کر رہا ہے اس کو ہم این آر او نہیں دیں گے۔