وزیراعظم آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے

وزیراعظم آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج فیصل آباد کا دورہ کریں گے جہاں وہ ہیلتھ کارڈ اجراء کی تقریب میں شریک ہونگے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم خصوصی طیارے کے ذریعے فیصل آباد ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے زرعی یونیورسٹی جائیں گے اور ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

دورہ فیصل آباد کے دوران وزیراعظم کی مقامی صنعت کاروں اور مخلتف اضلاع کے اراکین اسمبلی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وزیر اعظم کے دورے کی مناسبت سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شہر بھر کی شاہراؤں پر ہیلتھ کارڈ اجراء کی تشہیر کے لیے بینرز بھی آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ و ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ فیصل آباد کی تصدیق کی تھی۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بدھ کو فیصل آباد کے ڈویژن بھر کے ہر گھرانے کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا آغاز کریں گے جس کے باعث اب کوئی بچی یا کوئی شخص سسک، سسک کر لاعلاج نہیں مرے گا۔ آج سے پہلے ملک میں اس انداز میں غریب کی خدمت نہیں کی گئی جس طرح اب عمران خان کے دور میں کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مہنگائی کا بے حد احساس ہے لیکن جب عالمی منڈی میں پیٹرول 40 سے 90 ڈالر، کوکنگ آئل 900سے 1600ڈالر اور کوئلہ 50 سے150ڈالر فی ٹن تک چلا جائے تو اس سے ہر ملک متاثر ہوتا ہے۔

معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ مہنگائی کی لہر سے امریکا، روس، جاپان، ترکی، چین سمیت سب ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک پریشان ہیں لیکن عمران خان نے یہاں راشن کارڈ، کسان کارڈ، لیبر سوشل سیکیورٹی کارڈ، ہیلتھ کارڈ متعارف کروایا اسی طرح احساس پروگرام بھی جاری ہے جبکہ طلبا و طالبات کیلئے کروڑوں روپے کے وظائف اور نوجوانوں کیلئے اربوں روپے کے قرضے جبکہ بے گھر افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے بھی معاونت کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

مصنف کے بارے میں