پاکستان میں تماشائیوں کا جوش و خروش کرکٹ کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے: جیمز وینس 

پاکستان میں تماشائیوں کا جوش و خروش کرکٹ کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے: جیمز وینس 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے انگلش کرکٹر جیمز وینس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تماشائیوں کا شور اور جوش و جذبہ کرکٹ کا مزہ دوبالا کر دیتا ہے۔ 
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جیمز وینس کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کھیل کر مختلف کنڈیشنز کا اچھا تجربہ ہوا ہے اور میں بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ امید ہے کہ لاہور میں شیڈول میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم آخری میچ کی طرح عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ 
انہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کا مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلے حکام بالا کرتے ہیں اور کھلاڑیوں کو فیصلوں سے صرف آگاہ کیا جاتا ہے، میں متعدد مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکا ہوں اور ہمیشہ ہی یہاں خود کو محفوظ تصور کیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے کھلاڑی جب تجربے کا پوچھتے ہیں تو مثبت فیڈ بیک ہی دیتا ہوں اور پرامید ہوں کہ جب انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی تو تماشائیوں کو بھی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 

مصنف کے بارے میں