الیکشن کمیشن آفس میں جھگڑے کا مقدمہ خارج، تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن آفس میں جھگڑے کا مقدمہ خارج، تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم

ملتان: عدالت نے الیکشن کمیشن آفس میں جھگڑے کا مقدمہ کمزور بنیادوں پر درج ہونے کے باعث خارج کر تے ہوئے تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے ملتان الیکشن کمیشن آفس میں جھگڑے کے بعد گرفتار کئے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گرفتار کارکنان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، سول جج نے گرفتار تمام افراد کو فوری رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان میں جھگڑے کے بعد الیکشن کمیشن کا آفس میدان جنگ بن گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے بعد ملتان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر سمیت 10 کارکنان جبکہ (ن) لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمود الحسن اور (ن) لیگی امیدوار شیخ طارق رشید کو حراست میں لے لیا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق بعد ازاں پولیس نے محمود الحسن کو رہا کر دیا تھا اور اس حوالے سے موقف اختیار کیا تھا کہ جھگڑے کے وقت رانا محمود الحسن الیکشن کمیشن آفس میں موجود نہیں تھے۔

مصنف کے بارے میں