متحدہ عرب امارات میں10 سال قبل عرب شہری کو قتل کرکے فرار ہونیوالا شخص گرفتار

متحدہ عرب امارات میں10 سال قبل عرب شہری کو قتل کرکے فرار ہونیوالا شخص گرفتار

شارجہ :عرب شہری کو10 سال پہلے قتل کرنے والا ایشیائی باشندہ دوبارہ متحدہ عرب امارات واپس پہنچنے پر گرفتار کرلیا جبکہ قتل کے مقدمے میں ملوث ہونے کی وجہ سے اس کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2007 ءمیں ہونیوالے قتل کے ملزم کو آخر کار گرفتار کرلیا گیا اور 10 سال سے رکے ہوئے مقدمے کی دوبارہ سماعت شروع کردی گئی ہے جبکہ مقتول کے بھائی کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے سماعت جنوری کے آخر تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے کہ گرفتار کئے جانیوالے شخص پر الزام ہے کہ اس نے مقتول پر چاقو کے 15 وار کئے اور پھر اس کا گلا کاٹ دیا۔

پولیس کی حراست میں آنے کے بعد اس شخص نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے بتایا کہ شارجہ انڈسٹریل ایریا میں دونوں کے درمیان پیسوں کی وجہ سے بات تلخ کلامی تک جا پہنچی ۔لڑائی کے بعد اس نے بازار سے چاقو خریدا اور عرب شہری کے فلیٹ پر جاکر اسے قتل کردیا۔ پولیس کوجرم کا اس وقت پتہ چلا جب مقتول کے 33 سالہ بھائی نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔

ایشیائی باشندے نے بتایا کہ قتل کے کچھ گھنٹے بعد وہ اپنی شناخت بدل کر یو اے ای سے فرار ہوگیا تھا۔خیال رہے کہ پولیس نے اس شخص کو تب گرفتار کیا جب وہ یو اے ای میں کسی اور شناخت سے داخل ہوا۔