بنگلہ دیشی کرکٹر مشفیق الرحیم کا دورہ پاکستان سے انکار

بنگلہ دیشی کرکٹر مشفیق الرحیم کا دورہ پاکستان سے انکار

ڈھاکہ : بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو دورئہ پاکستان کیلئے راضی کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں کم از کم تین سینئر کرکٹرز سے بورڈ کے صدر نظم الحسن نے ملاقات کی اور ان کی مرضی جاننے کی کوشش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چند کھلاڑیوں نے اس سلسلے میں رضامندی ظاہر کرتے ہوئے بورڈ کے حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔

غالب امکان ہے کہ کھلاڑیوں کی اکثریت پاکستان کے دورے کیلئے مان جائےگی تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم کی شرکت مشکوک بتائی جارہی ہے۔ اس بارے میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ ہم کھلاڑیوں سے پاکستان کی سکیورٹی اور دیگر معلومات شیئر کررہے ہیں اور انہیں بریف کیا جارہا ہے تاہم اس وقت کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جاسکتی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ مشفیق نے بورڈ سے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ سیریز پاکستان میں کھیلی گئی تو وہ اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ 12 جنوری کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں متوقع ہے۔ فیصلہ مثبت ہونے کی صورت میں ٹیم کی روانگی 18 جنوری متوقع ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کو جنوری، فروری میں دورہ پاکستان کرتے ہوئے 3 ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنا ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پہلے ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے اور ٹیسٹ میچز کے حوالے سے بعد میں بات کرنے کا موقف اپناتے رہے ہیں۔