پاکستان ، ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرائے گا: وزیر اعظم عمران خان

پاکستان ، ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرائے گا: وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی کوشش ہوگی کہ ایران اور سعودی عرب میں دوستی کرا دیں، ڈونلڈ ٹرمپ سے کہہ دیا ہے کہ ہم واشنگٹن اور تہران کو بھی قریب لانا چاہتے ہیں. پاکستان دنیا میں امن کا داعی بنے گا۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے ہنرمند جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ نوجوان ملک کا سب بڑا اثاثہ ہیں لیکن ماضی میں ان کی تعلیم اور ہنر پر توجہ نہیں دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا لیکن یہاں ایسا نظام تھا جو نچلے طبقے کو اوپر آنے کا موقع نہیں دیتا تھا۔ پاکستان میں ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہوگیا اور باقی پیچھے رہ گئے۔

انہوں نے تقریب میں شریک نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انھیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے رہتے ہیں۔برے وقت میں اپنی اصلاح کرنے کا موقع ملتا ہے۔

میں پاکستان کا روڈ میپ دیتا ہوں کہ ہمارا ملک کس طرف جا رہا ہے۔ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے اور ہم نے ایک عظیم قوم بننا ہے۔ ہم قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے عظیم پاکستان کا خواب پورا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مہذب معاشروں میں سب کو یکساں مواقع ملتے ہیں۔ امریکا میں ہر شعبے میں پاکستانی آگے نکل گئے، اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ انہیں معاشرے نے موقع دیا۔

 

  انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے بھی غریب طبقے کو فائدہ ہوگا۔ 2020ء میں ہم نے لوگوں کو روزگار دینا ہے جبکہ اگلے چار سالوں میں پچاس لاکھ گھر بنانے ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ گھر نہیں بنا سکتا۔ پچاس لاکھ گھر بنانے سے چالیس انڈسٹریاں چل پڑیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  نوجوان ملک کا سب بڑا اثاثہ ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا میں سب سے بہتر تانبے اور سونے کے ذخائر ہمارے ملک میں موجود ہیں۔ ایگری کلچر، پانی کے نظام کو ٹھیک کر لیں تو پیداوار دگنی کر سکتے ہیں۔

ہنرمند پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہںا تھا کہ اس میں 30 ارب رکھے ہیں۔ پہلے فیز میں 10 ارب روپیہ استعمال ہوگا۔ پانچ لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے۔ جیسے جیسے پیسہ آئے گا تعلیم، صحت، ٹیکنکل ایجوکیشن پر لگائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں پہلی دفعہ ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اگر ہم نے نوجوانوں کو ہنرمند بنا دیا تو یہی پاکستان کو سپر پاور بنا سکتے ہیں۔ ماضی میں پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر پر توجہ نہیں دی گئی۔ ہنرمند نوجوان پروگرام پر عثمان ڈار اور شفقت محمود کو مبارکباد دیتا ہوں۔