عالمی وبا کی شدت میں اضافہ، مزید 40 افراد موت کے منہ میں چلے گئے

Pakistan, pandemic, second wave, NCOC, WHO, vaccine

لاہور: عالمی وبا کے حملوں کی شدت میں اضافہ ، موذی وبا ایک دن میں مزید 40 جانیں نگل گئی۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 10 ہزار 558 تک پہنچ گئی ہے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار 510 ہو گئی ہے۔ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 53 ہزار 828 بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں وبا کے فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار 124 ہے۔

دوسری جانب مہلک وبا دنیا بھر میں 8 کروڑ 93 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کر چکی ہے ، جبکہ 19 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد وبا سے زندگی کی جنگ ہار چکے ہیں۔

ادھر برطانیہ نے فائزر اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسنز کے بعد اب موڈرنا ویکسین کے عام استعمال کی بھی منظوری دیدی ہے۔ جبکہ ایران نے امریکا ، برطانیہ اور فرانس کو ناقابل بھروسہ ملک قرار دیتے ہوئے ان سے ویکسین منگوانے پر پابندی لگا دی ہے۔

خیال رہے کہ جرمنی میں وبا سے دماغی امراض میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔