سیاسی جماعتوں کو بٹھا کر چارٹر آف اکانومی ڈرافٹ بنایا جائے: سلیم مانڈوی والا

Draft, Charter, Economy, political parties, Saleem Mandviwala, Deputy Chairman Senate, Pakistan

کراچی: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ چارٹر آف اکانومی اس وقت بہت ضروری ہے ، سیاسی جماعتوں کو بٹھا کر چارٹر آف اکانومی ڈرافٹ بنایا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سب چاہتے ہیں پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہوں ، تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں پاکستان معاشی طور پر آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ کی بات بہت اہم ہے ، ملک میں اس وقت کوئی ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ نہیں ہے۔ پوری دنیا میں ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صنعتوں کو شہروں سے دور منتقل ہونا چاہئے اور اس حوالے سے کراچی چیمبر بھی اپنی تجاویز دے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی کیلئے مزید کمپنیز ہونی چاہئیں ، اس کے علاوہ کراچی کے انفراسٹرکچر کی صورتحال پر فوری فوکس کیا جائے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بزنس کمیونٹی گھبرائے نہیں کیونکہ جو ڈر گیا وہ مر گیا ، بزنس کمیونٹی نیب کیخلاف اٹھ کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ نجی لین دین اور معاہدوں میں نیب کا کوئی قانونی اختیار نہیں ، بزنس مین نیب کے ساتھ انفرادی رابطے کے بجائے فیڈریشن کا پلیٹ فارم استعمال کریں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کوئی بھی پرائیوٹ کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ، نیب کا دائرہ اختیار حکومتی رقوم کی خورد برد سے متعلق ہے۔