روسی کمپنی نے ٹرمپ اور پیوٹن کو ایک ساتھ فروخت کیلئے پیش کردیا

روسی کمپنی نے ٹرمپ اور پیوٹن کو ایک ساتھ فروخت کیلئے پیش کردیا

ہیمبرگ :روس کی ایک کمپنی نے حریف ممالک کے صدور ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹنکو ایک ساتھ فروخت کیلئے پیش کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی ایک کمپنی نے دونوں حریف ممالک کے صدور کو ایک ساتھ فروخت کے لیے پیش کردیا ہے ۔ہوا یوں کہ جرمنی کے شہرہیمبرگ میں 7 اور 8 جولائی کو ہونے والی گریٹ 20 کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن بھی شریک ہوئے، جن کے درمیان مختصر ملاقات بھی ہوئی۔


بس اس کانفرنس اور مختصر ملاقات کو بہانا بنا کر روس کی موبائل فون فروخت کرنے والی کمپنی Caviar رائل گفٹ نے نوکیا کی معروف موبائل 3310 میں تبدیلیاں کرکے فون کے کور پر پیوٹن اور ٹرمپ کی تصاویر چھاپ کر فروخت کے لیے پیش کردی۔روسی کمپنی نے نوکیا 3310 کے نئے ماڈل کے ہوم بٹن پرجی 20 کا لوگو شائع کرنے سمیت اسکرین کے گرد ٹائیٹینم کی سنہری لکیر سجادی۔

کمپنی نے موبائل کور کے بیک سائڈ پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سنہری تصاویربنانے سمیت جی 20 کا لوگو بھی بنایا۔کمپنی نے دونوں طاقتور ترین صدور کی تصاویر ایک ساتھ شائع کرکے موبائل کو آن لائن فروخت سمیت مارکیٹ میں بھی پیش کردیا۔

نوکیا 3310 کے اس خصوصی ٹرمپ-پیوٹن ورژن کی قیمت 2 ہزار 500 امریکی ڈالر(149000 روسی ربل) رکھی گئی ہے، جو پاکستانی 2 لاکھ 64 ہزار روپے سے زائد بنتے ہیں۔