مخصوص ذہنیت کے لوگ پاکستان میں جمہوریت کے خلاف ہیں ، سعد رفیق

مخصوص ذہنیت کے لوگ پاکستان میں جمہوریت کے خلاف ہیں ، سعد رفیق

وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق نے لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ جے آئی ٹی غلطی کرے گی تو تنقید بھی ہو گی ،سب کو اپنی قومی ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ 4 برس قبل خزانہ خالی تھا، کراچی مقتل بناہوا تھا، دہشت گرد بلوچستان میں دندناتے پھررہے تھے، عالمی اداروں نے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی پیش گوئی کی تھی جب کہ ملک کی کوئی سمت نہیں تھی، 2013 سے قبل سرمایاکار ملک سے باہر جارہا تھا اور لوڈشیڈنگ عروج پر تھی تاہم نواز شریف نے قوم سے کچھ وعدے کیے، اب 4 برس گزر گئے ہیں اور عوام کی عدالت میں پیش ہونے میں 1سال سے بھی کم عرصہ باقی ہے لیکن ہمیں پہلے دن سے ہی کام نہیں کرنے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص سوچ قیام پاکستان سے آج تک تبدیل نہیں ہوئی ،کچھ ذہنیت پاکستان میں جمہوریت نہیں چاہتی ۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمیں سیاست سے نکالنے کی کوشش کی توملک سے سیاست ختم ہوجائے گی اور بہت سے لوگ اس کام کی کوشش میں خود فارغ ہوگئے، ہم جانتے ہیں کہ کون کون اس کھیل میں شریک ہے اور کہاں سے تالی بجتی ہے جب کہ عمران خان نے اب بھی کچھ نہیں سیکھا، عمران خان کسی کے لیے کام کررہے ہیں یا پھر بیوقوف ہیں کہ انہیں کچھ پتا ہی نہیں کہ یہ کر کیا رہے ہیں، ہم الزام لگانا چاہیں تو سو راستے ہیں، کیونکہ شواہد اسی طرف لے جاتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔