رونالڈینو سیون نے گگز سیون کو شکست دے کر لیژر فٹبال لیگ جیت لی

 رونالڈینو سیون نے گگز سیون کو شکست دے کر لیژر فٹبال لیگ جیت لی

پاکستان کے دورہ پر آئی انٹرنیشنل فٹبالرز کی ٹیم رونالڈینیو سیون نے گگز سیون ٹیم کو دوسرے میچ میں شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گولز پاکستانی کھلاڑیوں ریاض اور حسن بشیر نے کیے۔


لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈینیو، ریان گگز، نکولس اینلکا، ڈیوڈ جیمز سمیت دیگر کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بچوں اور خواتین سمیت شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ 

میچ کے پہلے کوارٹر میں رونالڈینو نے گول کرنے کا ایک آسان موقع گنوا دیا جب ڈیوڈ جیمز نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شوٹ روک لی۔

دوسرے کوارٹر میں لوئس بوا مورٹے کے پاس کی بدولت ریاض نے بہترین گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی سبقت دلوادی۔رونالڈینو نے گول کرنے کی ایک بہترین کوشش کی تاہم ان کی کک گول پوسٹ سے چند انچ کے فاصلے پر رہی البتہ تیسرے کوارٹر میں رونالڈینیو کے پاس کی بدولت حسن بشیر نے ایک گول اور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور رونالڈینو سیون یہ میچ 2-0 سے جیت گئی۔

نمائشی میچ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالرز میں محمد رسول، محمد عیسیٰ، عزیز رازق، محمد عادل، عدنان، محمد علی، احمد، یوسف بٹ، صدام حسین، کلیم اللہ، سعد اللہ، حسن بشیر، محمد ریاض اور کامران شامل تھے۔ قبل ازیں کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بھی رونالڈینو کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔واضح رہے برازیل کے رونالڈینو سمیت 7 انٹرنیشنل فٹبالرز کراچی اور لاہور کے علاوہ اسلام آباد میں بھی نمائشی میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، کھلاڑیوں میں برازیل سے تعلق رکھنے والے گوئچورونالڈینو، رابرٹ پائرز، برطانیہ کے ریان گگز، ڈیوڈ جیمز، فرانس کے نیکولس انیلا، ہالینڈ کے جارج بوٹنگ اور پرتگال کے لوئس بوامورٹ شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔