نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر لاہور ائیرپورٹ سیل کرنے کا فیصلہ

نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر لاہور ائیرپورٹ سیل کرنے کا فیصلہ
کیپشن: نواز شریف اور مریم نواز جمعہ کی شام 6بجکر 15 منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔۔۔۔ فوٹو: فائل

لاہور : مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا وطن پہنچنے پر بھرپور انداز میں استقبال کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، جبکہ حکام نے فول پروف سیکورٹی کے پیش نظر ائیر پورٹ سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جمعہ کی شام 6بجکر 15 منٹ پر اتحاد ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچیں گے، تاہم ان کی لاہور آمد کے پیشِ نظر سیکیورٹی ادارے سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔بتایا گیا ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔جب کہ نواز شرریف اور ان کی صاحبزادی کی وطن آمد کے موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا۔ سابق وزیرِاعظم اور مریم نواز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں۔۔۔ نواز شریف کے وکیل نے احتساب عدالت کے جج پر اعتراض اٹھا دیا

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو اپرین سے ہی فوری دستیاب شدہ جہاز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا جائے گا۔ نواز شریف اور مریم نواز کی آمد کے پیشِ نظر چکلالہ ائیرپورٹ پر بھی سیکیورٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں گے۔یاد رہے ن لیگ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا لندن سے واپس پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا۔ اعلیٰ پارٹی قیادت نے اس سلسلہ میں کوئی بھی لائحہ عمل اختیار کرنے کے لئے مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی لائحہ عمل کااعلان باہمی مشاورت کے بعد کیاجائے گا۔