آئی سی سی نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کر دی

 آئی سی سی نے ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری کر دی
کیپشن: فوٹو بشکریہ اے ایف پی

لاہور:آئی سی سی نے نئی ٹی ٹوینٹی رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی ہے کیونکہ قومی ٹیم کے کھلاڑی فخر زمان بہتر ین بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوینٹی کی نئی ریکنگ کے مطابق پاکستان کی ٹیم سرفہرست موجود ہے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان سے سیریز ہارنے کے بعد ایک درجہ تنزلی سے تیسرے اور بھارتی ٹیم ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر آ گئی ہے ۔بابائے کرکٹ انگلینڈ چوتھے ، نیوزی لینڈ پانچویں ، ساوتھ افریقہ چھٹے ، ویسٹ انڈیز ساتویں ، افغانستان آٹھویں ، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے آسٹریلیا سے شکست کا 28 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑی فخر زمان سہ فریقی سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث دوسرے نمبرپر آ گئے ہیں ۔آسٹریلیا کیخلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میں فخر زمان نے 12 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے 91 رنز بنائے اور سال میں 500 کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ تیسرے نمبر پر بھارت کے لوکیش راہول جبکہ چوتھے نمبر پرنیوزی لینڈ کے کولن منرو موجود ہیں تاہم پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم پانچویں پر ہیں ۔

گیند بازی میں بھی پاکستان پیچھے نہیں کیونکہ شاداب خان بہترین کارکردگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں تاہم پہلے نمبر پر افغانستان کے باولر راشد خان براجمان ہیں ۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے گلین میکسویل موجود ہیں جبکہ اس فہرست میں شعیب ملک 11 ویں نمبر پر ہیں ۔