اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر مختلف قائمہ کمیٹیوں کے طلب کردہ اجلاس منسوخ

اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر مختلف قائمہ کمیٹیوں کے طلب کردہ اجلاس منسوخ
کیپشن: اسپیکر نے یہ ہدایت کفایت شعاری مہم کے تناظر میں دی ہے، اعلامیہ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی ہدایت پر مختلف قائمہ کمیٹیوں کے طلب کردہ اجلاس منسوخ کر دیئے گئے۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیے کے مطابق اسپیکر اسد قیصر نے ہدایت دی ہے کہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس صرف قومی اسمبلی سیشن کے دوران بلائے جائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر نے یہ ہدایت کفایت شعاری مہم کے تناظر میں دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں پر پابندی زیر حراست اپوزیشن ارکان کے باعث لگائی گئی کیوں کہ زیر حراست ارکان پروڈکشن آرڈر پر قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری کو منگل کے روز پروڈکشن آرڈر پر قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں شریک ہونا تھا جب کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بلاول بھٹو زرداری کو بھی اجلاس کی صدارت کرنی تھی۔