نامور اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئیں

نامور اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کر گئیں
ذہین طاہرہ کی طبیعت رات گئے انتہائی خراب ہوئی جو سنبھل ہی نہ سکی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

کراچی: نامور اداکارہ ذہین طاہرہ شدید علالت کے باعث دنیائے فانی سے رخصت ہو گئیں۔ اداکارہ ذہین طاہرہ گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔


ذہین طاہرہ کی طبیعت رات گئے انتہائی خراب ہوئی جو سنبھل ہی نہ سکی اور انتقال کر گئیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی ذہین طاہرہ نے دہائیوں تک پی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دور حاضر میں وہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینیئر اور بزرگ اداکارہ مانی جاتی ہیں۔

ذہین طاہرہ سیکڑوں ڈراموں میں جلوہ افروز ہو چکی ہیں۔ انہیں پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے 'خدا کی بستی' میں بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس کے علاوہ ذہین طاہرہ نے عروسہ، دستک، دیس پریس، کالی آنکھیں، کہانیاں، وقت کا آسمان، ’ماسی اور ملکہ، راستے دل کے، کیسی ہیں دوریاں، شمع، دل دیا دہلیز، چاندنی راتیں، آئینہ، تجھ پے قربان سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں 'تمغہ امتیاز' سے بھی نوازا تھا۔