کم مدت میں آئسولیشن ہسپتال تیار کرنا پاکستانی حکومت کیلئے معجزہ ہے، چینی سفیر

کم مدت میں آئسولیشن ہسپتال تیار کرنا پاکستانی حکومت کیلئے معجزہ ہے، چینی سفیر
کیپشن: مجھے بہت فخر ہے کہ میں آئسولیشن ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوا، چینی سفیر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں چین سفیر کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ آئسولیشن ہسپتال کم مدت میں تیار کرنا پاکستانی حکومت کیلئے ایک معجزہ ہے۔اپنے ایک بیان میں چینی سفیر کا کہنا تھا کہ مجھے بہت فخر ہے کہ میں آئسولیشن ہسپتال کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں جو کام این سی او سی کر رہا ہے میں نے اس کا مشاہدہ کیا ہے۔

یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ این سی او سی کا کمانڈنگ سسٹم اس خوفناک وائرس کی روک تھام اور اس کے کنٹرول میں بہت مدد دے رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام کی کوششوں سے آپ اس وائرس سے بہت جلد چھٹکارا پا لیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان وفاقی دارالحکومت میں آئسولیشن ہسپتال اور وبائی امراض کے علاج کے جدید مرکز کے افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چین کے پاکستان میں متعین سفیر یاؤ جنگ اور اعلی دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو ہسپتال میں موجود سہولیات پر بریفنگ دی۔ 250 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال 40 دن کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔ ہسپتال کی تعمیر سے وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں پر دباﺅ کم ہو گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے قوم سے عیدالاضحی سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد پر زوردیا اور کہا کہ عید الاضحی پر لاپرواہی سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، ہم ان ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا کی وبا کی شدت کم ہورہی ہے، اگر ہم احتیاط کریں گے تو دنیا کے مقابلہ میں اس مشکل صورتحال میں بہتر انداز سے نکلیں گے۔