نوجوان پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، صدر مملکت

Young people should play their role in making Pakistan a prosperous country, President
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کے لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، نوجوان معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد سے پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

وہ دوسری نیشنل یوتھ کونسل کے ممبران کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوان ملکی آبادی کا 68 فیصد سے زیادہ حصہ ہیں، معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لئے انہیں ہنرمند بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے ، نوجوانوں کو مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں افرادی قوت کا حصہ بنانے کیلئے مختلف ہنر سکھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے نوجوان کاروباری افراد کو قرضوں اور مہارت پر مبنی تربیت فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے نیشنل یوتھ کونسل کو مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کے ذریعے ملک کو خوشحال بنانے کی کوششوں میں نوجوانوں کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کےکامیاب جوان پروگرام کے تحت اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں لیکن خواتین اور خصوصی افراد کے لئے دستیاب قرضے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے مکمل طور پر بروئے کار نہیں لائے جا رہے ہیں، یوتھ کونسل اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام سے استفادہ کر سکیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ یوتھ کونسل نوجوانوں کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے صدر مملکت کو نیشنل یوتھ کونسل کے اغراض ومقاصد کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد نوجوانوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرکے انہیں بااختیار بنانا اور ملکی ترقی میں ان کا کردار بڑھانا ہے۔ یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر بختیار قدیروف نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کے لئے تعلیمی وظائف، مالی قرضوں اور ہنر کی ترقی کے مواقع کی فراہمی کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔