قرآن و سنت کیخلاف ہمارے ہوتے ہوئے کوئی قانون نہیں بن سکتا :سپیکر اسد قیصر 

Pakistan Natioanl Assembly,Speaker National Assembly,Asad Qaiser

اسلام آباد :سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی قانون قرآن و سنت کیخلاف نہیں بن سکتا ،وزیر اعظم عمران خان دوٹوک اعلان کر چکے ہیں کہ کوئی قانون بھی قر آن وسنت کیخلاف ہمارے دور حکومت نہیں بنے گا ۔

قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلا س میں سپیکر قومی اسمبلی نے جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبد الاکبر چترال کے نکتہ اعتراض پر کہا کہ گھریلو تشدد روکنے کے بل کو اسلامی نظریاتی کونسل بھیجنے کیلئے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا تھا لیکن کل بھیجا نہیں گیا اور آج ایجنڈے سے ہی نکال دیا گیا۔

اس پر قومی اسمبلی اجلاس میں گھریلو تشدد کے بارے میں سینیٹ سے ترامیم کے ساتھ منظور کردہ بل پیش نہ ہوسکنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے  سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بل اپوزیشن اور حکومت میں مزید مشاورت اور پڑھنے کے لیے پیر تک ملتوی کیا ہے، کچھ قانونی رائے ضروری تھی جلد ہی یہ بل کونسل کو بھیج دیا جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میرے ہوتے ہوئے کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں بن سکتا جب کہ وزیر اعظم کی بھی واضح ہدایات ہیں کہ کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں ہونا چاہیے۔