بھارت میں کورونا کی تباہی کے بعد ’’زیکا وائرس‘‘ سر اُٹھانے لگا 

Zika Virus,Zika Virus in India

ممبئی :بھارت میں کورونا وائرس کی تباہی کے بعد’’زیکا وائرس‘‘ بھی سر اٹھانے لگا ،بھارتی ریاست کیرالہ میں زیکا وائرس کے اب تک 14 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق زیکا وائرس ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے جو ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے ، ایک 24 سالہ خاتون کے متاثر پائے جانے کے بعد 13 افراد کے نمونے پونے لیب کو بھیجے گئے تھے، جن میں سے 10 افراد زیکا وائرس سے متاثر پائے گئے۔

اس سے قبل کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا تھا کہ خاتون زیکا وائرس سے متاثر   ہوئی ہیں ، یہ ریاست میں پہلا زیکا وائرس کا معاملہ ہے۔ جن 19 افراد کے نمونے پونے کی لیب کو بھیجے گئے ہیں ان میں ڈاکٹر اور طبی اہلکار بھی شامل تھے اور 13 افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاتون ترواننت پورم ضلع کے پارسلین کی رہائشی ہے اور اس کا ایک نجی ہسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ اسے 28 جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اور 7 جولائی اس نے ایک بچے کو جنم دیا۔ ٹیسٹ کرائے جانے پر خاتون کے جسم میں زیکا وائرس پایا گیا تاہم خاتون کی حالت اب مستحکم ہے۔

 کیرالہ میں کیسز سامنے آنے کے بعد ریاست میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔