کامیاب جوان پروگرام، حکومت کا قرضے کی حد 5 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ

کامیاب جوان پروگرام، حکومت کا قرضے کی حد 5 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ
کیپشن: کامیاب جوان پروگرام، حکومت کا قرضے کی حد 5 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: نوجوانوں کے کئے خوشخبری، حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے لئے قرضہ کی حد 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 

وزیر اعظم کےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یوتھ کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔ ہر سال 20 لاکھ نوجوان جاب مارکیٹ میں آتے ہیں۔ ان کے لئے روزگار پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے۔ حکومت نجی شعبہ کو سہولیات دے کر اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرکے ملازمتوں کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر 5 لاکھ سے اڑھائی کروڑ روپے تک کے قرضے دیئے گئے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ ان نوجوانوں کے خاص آئیڈیاز تھے لیکن وہ مالی مشکلات کے باعث اپنا کاروبار نہیں کر سکتے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں پر اعتماد کیا، ماضی میں انھیں نظر انداز کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سکالرشپ کو 5 لاکھ نوجوانوں تک بڑھایا جائے۔ صرف ہائی ٹیک کے شعبہ میں 50 ہزار نوجوانوں کو سکالر شپس دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور اس پر 50 ارب روپے خرچ کئے تاہم موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے اور بااختیار بنانے کے لئے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تربیت دی ہے جس سے ان کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ماضی میں قوم کا پیسہ ذاتی تشہیر پر خرچ کیا گیا۔ موجودہ حکومت سوچ سمجھ کر قوم کا پیسہ خرچ کر رہی ہے اور ہم کفایت شعاری پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک دوروں پر کم سے کم پیسے خرچ کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شریک کیا جا رہا ہے۔ نیشنل یوتھ کونسل کے مختلف ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں جو مختلف شعبوں کے حوالے سے کام کریں گے جبکہ یہ اراکین نوجوانوں کے نمائندے ہیں اور ان کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔