پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بن گیا

پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بن گیا

 آستانہ: قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہوا۔ پاکستان اور بھارت تنظیم کے مستقل رکن بن گئے۔ ایس سی او سربراہ مملکت کونسل اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ملکوں سے پاکستان کے گہرے تعلقات ہیں۔ ایس سی او کے منشور پر عمل درآمد کیلئے پر عزم ہیں،سب کو مل کر دہشت گردی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔


وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑی قربانیاں دیں جبکہ امن کے فروغ کے لئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔ نواز شریف نےاجلاس کی میزبانی پر قازقستان کے صدر، عوام کو مبارکباد پیش کی جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت دینے پر رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کو بھی ایس سی او کا رکن بننے پر مبارکبا دی۔

یاد رہے پاکستان 2005 میں ایس سی او میں مبصرملک کی حیثیت سے شامل ہوا تھا جبکہ 2010 میں مستقل رکنیت کے لیے درخواست دی تھی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو رکنیت دینے کا فیصلہ اصولی طور پر 2015 میں روس میں منعقدہ ایس سی او کے سربراہوں کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان ایس او سی کے اراکین میں شامل تمام مضبوط معشیت اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ممالک کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑا ہوا ہے۔ ایس او سی کی رکنیت سے پاکستان کو خطے کے مفادات، ترقی اور دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون میں مدد ملے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں