بالی ووڈ ہدایتکار اونیر عاطف اسلم کے مداحوں میں شامل

 بالی ووڈ ہدایتکار اونیر عاطف اسلم کے مداحوں میں شامل

ممبئی: بالی وڈ ہدایت کار اونیر نے کہا ہے کہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے گانے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے عاطف اسلم اور نیشنل ایوارڈ یافتہ اونیر 2006 سے ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

بالی وڈ میں انٹری کرنے کے بعد عاطف اسلم نے اپنا دوسرا گانا اونیر کی فلم کے لیے گایا تاہم بدقسمتی سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث یہ دونوں ایک ساتھ اونیر کی اگلی فلم ’شب‘ کے لیے کام نہیں کر پائے۔

اونیر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں عاطف اسلم کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں لیکن بدقسمتی سے اس وقت جب مجھے گانے ریکارڈ کرنے ہیں تو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر نہیں۔ اس وقت فلموں کے ساتھ بہت سے مسائل پیش آ رہے ہیں اور میں ایک چھوٹی فلم بنا رہا ہوں جس کے لیے اتنے مسائل نہیں اٹھا سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاکستان میں بہت سے دوست ہیں میرے خیال سے یہ دونوں ممالک کا نقصان ہے اگر ہم ایک دوسرے کے ٹیلنٹ کو موقع نہ دیں۔ میں نے اور عاطف نے بات کی ہے اگر اس دفعہ نہیں تو مستقبل میں ہم ضرور ایک ساتھ کام کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں