سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک نواز شریف سے استعفی لے، عمران خان

سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک نواز شریف سے استعفی لے، عمران خان

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی موجودگی میں جے آئی ٹی کام نہیں کر سکتی لہذا سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم سے استعفی لے .انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی پر حملے کا مطلب سپریم کورٹ پر حملہ ہے۔ہم  سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم جے آئی ٹی کے نتائج کا انتظار کررہے ہیں قوم سڑکوں پر آئے گی.

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے.عمران خان کا کہنا تھا کہ موٹو گینگ میں نئے نئے فنکاروں کا اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور پاناما کیس کی جے آئی ٹی پر حملے بھی بڑھتے جا رہے ہیں جس میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے اور جے آئی ٹی پر حملے کا مطلب سپریم کورٹ پر حملہ ہے کیونکہ یہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ جے آئی ٹی کو متنازع بنائیں گے اور پھر اس کا بائیکاٹ بھی کر سکتے ہیں، نواز شریف کی موجودگی میں یہ جے آئی ٹی کام نہیں کر سکتی لہذا سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہونے تک وزیراعظم سے استعفی لے۔عمران خان نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جے آئی ٹی کو اتنا متنازع بنا دیا جائے کہ یہ لوگ ایک بار پھر بچ جائیں جیسے پہلے بچتے آئیں ہیں، جے آئی ٹی نے بھی سپریم کورٹ کو کہا ہے کہ راستے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں جب کہ ایس ای سی پی کا چیرمین اسحاق ڈار کا آدمی ہے اور ان کے خلاف حدیبیہ پیپر مل کا مقدمہ بھی ہے لہذا وہ کس طرح سے ان کے خلاف بیان دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کے بیانات (ن) لیگی رہنما دے رہے ہیں تو اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ لوگ سپریم کورٹ پر حملہ بھی کریں گے لہذا پارٹی ورکرز کو تیار رہنے کی کال دے دی ہے، ہم سڑکوں پر نکل کر سپریم کورٹ کا دفاع کریں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) والے حسین نواز کو مظلوم بچہ بنا کر پیش کر رہے ہیں، حسین نواز 45 سال کا ہے اور اس نے 2 شادیاں کر رکھی ہیں جبکہ اس کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں۔ یہ لوگ جے آئی ٹی سے اس لئے ڈرے ہوئے ہیں کیونکہ ان کا سارا سچ سامنے آ جائے گا، میں نے تو سپریم کورٹ میں اپنی اراضی کے سارے خریدو فروخت کے کاغذات پیش کر دیئے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے تو پیش کیسے کریں۔عمران خان نے شیخ رشید کے ساتھ پارلیمنٹ ہاس میں پیش آنے والے واقعہ کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب (ن) لیگ نے پہلے سے پلان کیا ہوا تھا۔ اس کے علاوہ عمران خان نے جمشید دستی کی گرفتاری کی بھی پرزور مذمت کی عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہم اب سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم جے آئی ٹی کے نتائج کا انتظار کررہے ہیں،قوم سڑکوں پر آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں ن لیگ کے لیے اور نواز شریف کے لیے مزید خطرناک ہونے والا ہوں عمران خان نے اس موقع پر رکن اسمبلی جمشید دستی کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔