پی ٹی آئی میں کئی ٹکٹ رشتہ داروں میں بانٹ دیئے گئے

پی ٹی آئی میں کئی ٹکٹ رشتہ داروں میں بانٹ دیئے گئے
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد :تبدیلی کا نعرہ لگانے والی پی ٹی آئی کی جانب سے خیبرپختونخوامیں صوبائی اسمبلی کے81 امیدواروں، سندھ اسمبلی کے فی الحال21 حلقوں،بلوچستان اسمبلی کے23 حلقوں ، اور پنجاب کے 165 حلقوں کے لئے انتخابی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔

ٹکٹس کی فہرست پر پی ٹی آئی کو شدید تنقید اور اعتراضات کا سامنا ہے۔ ناقدین اور ناراض کارکنان کا کہنا ہے کہ پارٹی نے اپنے اہم اور بانی رہنماؤں کو نظر انداز کر کے حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماو¿ں کو ٹکٹ جاری کیا جو پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔


اخباری رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کئی حلقوں میں باپ بیٹا، بھتیجے ، سگے بھائیوں اور رشتے داروں کو بھی ٹکٹ سے نواز دیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 101 سے ذوالقرنین ساہی کے ساتھ صوبائی حلقے پی پی 97 سے علی افضل ساہی اور ان کے والد افضل ساہی کو،پی پی 99 سے چودھری علی اختر خان جبکہ بڑے بھائی چودھری ظہیر الدین خان کو پی پی 100 سے ٹکٹ جاری کیا گیا۔


اسی طرح سردار دلدار احمد چیمہ کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 104 جبکہ ان کے بیٹے دلنواز چیمہ کو صوبائی حلقہ پی پی 106 سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔دادو میں جتوئی خاندان کو چار ٹکٹس دئے گئے۔ این اے 234 سے لیاقت جتوئی، این اے 235 سے لیاقت جتوئی کے سگے بیٹے کریم خان جتوئی، پی ایس 83 سے لیاقت جتوئی کے سگے بھائی احسان علی جتوئی اور پی ایس 84 سے لیاقت جتوئی کے ایک اور سگے بھائی صداقت جتوئی کو ٹکٹ جاری کیا گیا۔


یہی نہیں بلکہ پارٹی کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی بھی اپنے بیٹے کو پارٹی ٹکٹ دلوانے میں کامیاب رہے۔ پی ٹی آئی جو موروثی سیاست کی ہمیشہ سے مخالفت کرتی آئی ہے اب خود ہی موروثی سیاست کو فروغ بھی دے رہی ہے، اقربا پروری اور رشتہ داروں کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر پی ٹی آئی کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی انتخابی فہرست میں بظاہر اپنے اہم رہنماؤں علی محمد خان ، شوکت یوسفزئی اور شہریار آفریدی کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا۔


فردوس عاشق اعوان،بابر اعوان، فیصل واڈا،ڈاکٹر عامر لیاقت،سیف اللہ نیازی اور ولید اقبال بھی ٹکٹ سے محروم رہے۔پی ٹی آئی کے ناراض کارکنان نے گرینڈ الائنس کے نام سے ایک اتحاد تشکیل دے دیا ہے جس میں مردان سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی شامل ہیں، اس گرینڈ الائنس کے ناراض کارکنان پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر احتجاج کریں گے۔