صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی میاں شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے وہ گزشتہ 7 ہفتوں سے طبی معائنہ کے لیے لندن میں موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں کا انتظار ختم ہوا اور پارٹی صدر شہباز شریف صبح 5 بجے کے قریب لندن سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پہنچے، جہاں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا پرتباک استقبال کیا۔

کارکنان کی جانب سے اپنے قائد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ شہبازشریف قافلے کی شکل میں ائرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔اس سے قبل کارکنان رکاوٹیں ہٹا کر ائرپورٹ میں داخل ہوئے تو سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی مزید نفری اور واٹر کینن بھی طلب کر لی گئی تھی۔

پاکستان روانگی سے قبل شہبازشریف نے لندن میں اپنے اہلخانہ اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ہیتھرو ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ کمر کی تکلیف کے باعث علاج کی غرض سے لندن آیا تھا، میری تمام ٹیسٹ رپورٹس تسلی بخش ہیں تاہم علاج ابھی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مخالف احتجاج کا فیصلہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے ہو گا اور میں حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا ہرفورم پر سامنا کروں گا، میں اپنے خلاف غلط خبریں پھلانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں۔