ورلڈ کپ : 353 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری

ورلڈ کپ : 353 رنز ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری
کیپشن: image by Cricinfo

لندن : ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کی بھارت کے خلاف بیٹنگ جاری رہے ،کینگروز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر139 رنز بنا لیے ہیں ۔

کینگروز کی جانب سے 353 رنز ہدف کے تعاقب میں ڈیوڈ وارنر اور فنچ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے جب فنچ پانڈیا کے ہاتھوں رن آئوٹ ہوئے ۔

فنچ نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں پر 36 رنز بنائے ، اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر 78 گیندوں پر 50 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ سمتھ دے رہے ہیں جنھوں نے 21 گیندوں پر 15 رنز بنائے ہیں ۔

اس سے قبل بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز کو فتح کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا ، اوپننگ بلے باز روہت شرما نے 70 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 1 چھکا اور 3 چوکے شامل تھے۔

دھون نے 109 گیندوں پر 117 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 16 چوکے شامل تھے ، اسی طرح ویرات کوہلی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 77 گیندوں پر 82 سکور کیے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

پانڈیا نے بھی تیز ترین بیٹنگ کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 48 رنز بنا ڈالے جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے ، دھونی نے 14 گیندوں پر 27 سکور کیے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے ، اسی طرح راہول نے تین گیندوں پر گیارہ سکور کیے ، آسٹریلیا کی جانب سے سٹوئینز نے دو جبکہ کومنز ، سٹارک اور کولٹر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔