یو ایس اوپن ٹینس کو دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ایشلے بارٹی

یو ایس اوپن ٹینس کو دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، ایشلے بارٹی

سڈنی : آسٹریلیا کی نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک ایشلے بارٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹینس کھیل کو بھی دوبارہ جلد شروع کرنے کے بارے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگست میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنا منٹ میں شرکت سے قبل انہیں مزید معلومات کی ضرورت ہے۔گزشتہ سال خواتین کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں سر فہرست رہنے والی آسٹریلوی ٹینس سٹار ایشلے بارٹی نے کہا کہ یہ صرف میری ہی نہیں بلکہ تمام خواتین کھلاڑیوں کی رائے ہے کہ دوبارہ ٹینس کھیل شروع کرنے میں زیادہ جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ دوبارہ آغاز پر کورونا وائرس وبائی مرض کے بعد ہی غور کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینس کھیل کے بارے میں ایک بار پھر بات کی جارہی ہے لیکن مقابلہ شروع کرنے سے پہلے درست وقت کا انتظار کر لینا ہی بہتر ہے جب حالات مناسب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیو یارک میں کھیلے جانے والے کرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بارے میں ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ اس کے مین ڈرا 31 اگست سے شروع ہونے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ مجھے امریکی ایونٹس سے متعلق فیصلہ کرنے سے پہلے ڈبلیو ٹی اے اور یو ایس ٹی اے کی تمام معلومات اور مشوروں کو سمجھنے کی ضرورت ہوگی۔

ڈبلیو ٹی اے اور اے ٹی پی کے تمام ایونٹس مارچ سے بند ہیں جس کے تحت جولائی کے آخر تک جلد از جلد عمل شروع نہیں ہوگا۔دوسری جنگ عظیم کے بعد ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کو پہلی بار منسوخ کیا گیا تھا جبکہ فرنچ اوپن کو مئی جون سے ستمبر تا اکتوبر منتقل کر دیا گیا ہے۔

دنیائے ٹینس کے نامور ٹینس سٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ جب تک کہ صورتحال مکمل طور پر محفوظ نہ ہو'' ٹینس کھیل دوبارہ شروع نہیں ہونا چاہئے یہ کھیل اور کھلاڑی دونوں کے لئے بہتر ہوگا۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ اگر آج ان حالات میں مجھے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلنے کو کہا گیا تو میرا جواب 'نہیں' ہو گا۔