پی سی بی کا بڑا اقدام،یونس خان دورہ انگلینڈ کیلئے بیٹنگ کوچ مقرر

پی سی بی کا بڑا اقدام،یونس خان دورہ انگلینڈ کیلئے بیٹنگ کوچ مقرر


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کیلئے یونس خان کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

یونس خان نے کہا میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کی صورت میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔

پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے کہا خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کئی کھلاڑیوں کے لیے مینٹور کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف بھی ہیں لہٰذا وہ ہمارے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ یونس خان کی ساکھ اور ان کا ریکارڈ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دورہ انگلینڈ کیلئے 25 جولائی کے بعد کھلاری انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ دورے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا۔ کورونا وائرس کے باعث کھلاڑیوں کو  آپشن دیا گیا ہے کہ وہ دورے سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔

شیڈول کے مطابق 30 جولائی کو پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا لیکن کووڈ 19 کی وجہ سے شیڈول میں ردو بدل کے امکان کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں شیڈول کے مطابق دورے کے دوران تین ٹیسٹ میچز اورتین ٹی 20 میچز کھیلیں گی۔

سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ، انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کی صورت میں ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا اعزاز ہے۔

ایک بیان میں یونس خان نے کہا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بلندیوں کو چھونے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

یونس خان نے کہا کہ مصباح الحق، وقار یونس، مشتاق احمد اور وہ مل کر کھلاڑیوں کی میدان کے اندر اور باہر ہر انداز میں بہترین تربیت کرنے کی کوشش کریں گے۔ یونس خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے تجربے اور علم کو دوسروں تک پہنچانے میں کوئی عار محسوس نہیں کی مگر دورہ انگلینڈ ان کے لیے ایک بہترین موقع ہوگا جہاں وہ بلے بازوں کی تکنیک بہتر بنانے، باؤلر کی قابلیت کو جانچنے اور ان کی ذہنی پختگی پر خصوصی توجہ دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں تکنیک کے ساتھ ساتھ تحمل مزاجی اور نظم وضبط درکار ہوتے ہیں اور اگر آپ ان تین شعبوں میں قابل ہوجائیں تو آپ انگلینڈ ہی نہیں دنیا کے کسی بھی کونے میں موثر ثابت ہوسکتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کرکٹ ٹیم اگر موثر ٹریننگ کرے گی تو بلاشبہ دورہ انگلینڈ میں نتائج بھی بہتر ہوں گے۔