بھارت گیڈر بھبھکیاں بند کرے، پاکستان اپنا دفاع جانتا ہے،شاہ محمود قریشی

بھارت گیڈر بھبھکیاں بند کرے، پاکستان اپنا دفاع جانتا ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے فضائی حملے کی دھمکی پر دو ٹوک ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنی گیڈر بھبھکیاں بند کرے کیونکہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امیت شاہ کا بیان غیرذمے دارانہ ہے، دنیا اس کا نوٹس لے اور بھارت نے حملہ کیا تو فوری جواب دیا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ امیت شاہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسکا منہ توڑ جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے ،بھارت لداخ پر سرجیل اسٹرائیک کیوں نہیں کرتا؟ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں حکومت سے نالاں ہیں، وہاں معاشی حالات بگڑ چکے ہیں اور وہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت نے ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے، وہ افغانستان کے امن عمل کو سبوتاژکرنا چاہتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے لہٰذا بھارت گیڈربھپکیاں بند کرے کیونکہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔