اونٹاریو واقعے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا یہ حادثہ نہیں دہشت گرد حملہ تھا: جسٹن ٹروڈو

اونٹاریو واقعے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا یہ حادثہ نہیں دہشت گرد حملہ تھا: جسٹن ٹروڈو

لندن: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اونٹاریو واقعے نے انہیں ہلا کر رکھ دیا یہ حادثہ نہیں تھا یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا ۔

کینیڈین وزیراعظم نے مسلم کمیونٹی پر حملہ افسوسناک قرار دیا ، پاکستانی فیملی کی یاد میں تقریب سے خطاب میں جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا میں مسلم خاندان کی ہلاکت پر پوری قوم افسردہ ہے ، خطرات کی شکار کمیونٹیز کا تحفظ کیا جائے گا ۔

اپوزیشن رہنماؤں کا بھی پاکستانی خاندان سے اظہار یکجہتی ، بولے مسلمانوں کے خلاف دہشت گردی کے واقعات ختم ہونے چاہئیں ۔ اپوزیشن جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر جگمیت سنگھ نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانیوں کے قتل کو اسلاموفوبیا کا واقعہ قرار دیا ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز 20 سالہ دہشت گرد نے پاکستانی خاندان کو ٹرک تلے روند دیا تھا جس کے بعد صوبہ اونٹاریو کے شہر لندن کی فضا سوگوار ہو گئی ہے ۔ قتل ہونے والے پاکستانی نژاد شہریوں میں 46 سالہ فزیوتھریپسٹ سلمان افضل ، ان کی اہلیہ اور پی ایچ ڈی کی طالبہ 44 سالہ مدیحہ سلمان ، نویں جماعت کی طالبہ 15 سالہ یمنیٰ سلمان اور اُن کی 74 سالہ دادی شامل ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سگنل کے انتظار میں کھڑے پاکستانی نژاد خاندان کو ٹرک تلے کچلنے والا دہشت گرد دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے ۔

ادھر ، ٹویٹر پر 'اسلاموفوبیا ' مسلم لائیوز میٹر اور ہیش ٹیگ 'کینیڈا' ٹاپ ٹرینڈز بن گئے جبکہ دنیا بھر سے دہشت گردی کے اس واقعے پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت اور غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔