ملک کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہے گا: محکمہ موسمیات

ملک کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہے گا: محکمہ موسمیات

لاہور: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں موسم مجموعی طور پر گرم اور خشک رہے گا ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود جبکہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔ خیبرپختونخوا بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے ۔ بنوں ، ڈیرہ اسماعیل خان 47 ، پشاور 46 ، دیر اور چترال میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔

کراچی والوں کیلئے اچھی خبر ہے ، آج گھٹائیں برسیں گی جبکہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔ اندرون سندھ نواب شاہ 46 ، سکھر میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔

دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے سے بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی ، لیسکو کو 450 میگاواٹ شارٹ فال ہونے سے لوڈ شیڈنگ بھی طویل ہونے لگی ۔ شہری شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پریشان ۔

تکنیکی خرابیوں کے باعث شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہنے لگے ۔ لاہور میں شالا مار باغ ، مغلپورہ ، باغبانپورہ ، فیصل ٹائون ، کریم پارک ، ساندہ ، مصری شاہ ، راوی روڈ ، شاہدرہ ، کوٹ شہاب دین ، شاد باغ ، وسن پورہ ، فتح گڑھ ، ہربنس پورہ ، کوٹ خواجہ سعید سمیت دیگر علاقوں میں 5 سے 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ۔

ادھر ، ترجمان لیسکو نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی تردید کر دی ، کہا صرف ہائی لاسز فیڈرز پر چار سے پانچ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ بجلی بندش کا شیڈول جاری کیا جاتا ہے ۔