ریلوے حکام کی نااہلی، ایک اور ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی

ریلوے حکام کی نااہلی، ایک اور ٹرین حادثے سے بال بال بچ گئی

کراچی: ریلوے حکام کی نااہلی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ گزشتہ دنوں ہی دو ٹرینیں ٹکرانے سے درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، آج بھی پشاور سے کراچی آنے والی ٹرین کی بوگی پٹڑی سے اتر گئی تاہم کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر میل پشاور سے مسافروں کو لے کر کراچی کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک اس کی ایک بوگی کوٹری اور حیدر آباد سٹیشن کے درمیان علاقے میں پٹڑی سے اتر گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرین کو جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت دریائے سندھ کا پل قریب تھا، اس لئے ڈرائیور نے اس کی رفتار کو کم کیا ہوا تھا۔ اگر رفتار تیز ہوتی تو بہت بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔

ادھر حکام نے بھی واقعے کا ہمیشہ کی طرح نوٹس لیتے ہوئے صرف ایک بیان جاری کرکے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بوگی کو جلد ٹریک پر چڑھا دیا جائے گا جس کے بعد ٹریک بحال کر دیں گے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں ہی سندھ کے علاقے گھوٹکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس میں ہولناک تصادم ہوا تھا جس نتیجے میں کم از کم باسٹھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جبکہ درجنوں زخمی ابھی تک مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔