پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی: وزیراعلیٰ پنجاب

پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست نئے پاکستان میں نہیں چل سکتی ، کرپشن سے پاک منصوبے ہماری حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔

اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت کے دامن پر اسکینڈل کا کوئی داغ نہیں جبکہ سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا اسکینڈل سامنے آتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا لیکن ہم نے لوٹ مار کے کلچر کو دفن کر دیا ہے ۔

اس سے قبل معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سازشی مولانا کی گمراہ کن سربراہی میں بنی پی ڈی ایم تتر بتر ہوچکی ہے ۔

اپنی ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی ترقی میں روڑے اٹکانے کی ہر سازش میں سرفہرت فضل الرحمن ، کبھی شوباز تو کبھی جعلی راجکماری کے در کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا صاحب کبھی حکومت مخالف منفی پراپیگنڈہ کرتے ہیں تو کبھی مستحکم ہوتی معیشت سے انکار کرتے ہیں ۔

معاون خصوصی پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کو مسائل کی چکی میں پیسنے والے بہروپئیے بے نقاب ہوچکے ، اتحادیوں کی منفی سوچ اور کرپشن کے بوجھ سے زمین بوس پی ڈی ایم کو حکومت مخالف ہر سازش کے بعد منہ کی کھانا پڑی ۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی اختلافات کرپٹ پی ڈی ایم ٹولے کی تباہی کیلئے کافی ہیں ۔