تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی

تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی ہے جبکہ کاروبار ہفتے میں دو دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے سربراہ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کرنے کیساتھ ساتھ اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن مہم کیلئے سہ جہتی حکمت عملی طے کی گئی۔ 
اس میں تمام شہریوں کی رضاکارانہ طور پر ویکسی نیشن کی حکمت عملی بھی طے کی گئی جبکہ تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دیتے ہوئے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو 30 جون تک ویکسین لگوانے کی تاریخ دیدی ہے۔ 
اس کے علاوہ این سی او سی نے مختلف شعبوں کیلئے ویکسین لگوانے کیلئے مراعاتی مہم متعارف کروانے پر غور شروع کردیا جبکہ جمعہ کو ویکسی نیشن مراکز کھلے رکھنے اور اتوار کو بند کرنے کا فصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے واک ان ویکسی نیشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے اور 18 سال سے زائد عمر کے افراد 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کروا سکیں گے۔