واجد ضیاء فارغ، ثنا اللہ عباسی ڈی جی ایف آئی اے تعینات

واجد ضیاء فارغ، ثنا اللہ عباسی ڈی جی ایف آئی اے تعینات
کیپشن: واجد ضیاء فارغ، ثنا اللہ عباسی ڈی جی ایف آئی اے تعینات
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے واجد ضیا کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ ثناء اللہ عباسی کو فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے۔ سابق ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کو ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی) نیشنل پولیس بیورو تعینات کر دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ثناء اللہ عباسی کی جگہ معظم جاہ انصاری کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا ہے جبکہ صلاح الدین خان کو کمانڈنٹ ایف سی تعینات کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ واجد ضیا، شریف خاندان کے خلاف پاناما کیس میں بننے والی 'جے آئی ٹی' کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل واجد ضیا ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (امیگریشن) اور دو، دو بار انٹیلی جنس بیورو اور موٹروے پولیس میں بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے ایف آئی اے کے اقتصادی جرائم ونگ میں ذمہ داریاں نبھائیں اور حج اسکینڈل کی تحقیقاتی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔