فیڈرل بورڈ نے میٹرک اور انٹرکے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا

فیڈرل بورڈ نے میٹرک اور انٹرکے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا
کیپشن:   فیڈرل بورڈ نے میٹرک اور انٹرکے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا سورس:   فائل فوٹو

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نویں تا بارہویں کے امتحانات 10جولائی سے 31 جولائی تک ہوں گے، بارہویں اور دسویں کے امتحانات پہلے ہوں گے اور نویں اور گیارہویں کے امتحانات اس کے بعد ہوں گے۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر بچے جامعات میں داخلہ لے سکیں گے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کل امیدوار 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد ہیں،میٹرک کے767 اور انٹرمیڈیٹ کے 385 سینٹرز بنائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث سلیبس بھی کم کیا ہے، طلبا کا تمام دارومدار اختیاری مضامین پر ہوتا ہے، ریگولر طلبا کا امتحان اختیاری مضامین میں ہوگا اورجو بچے دوبارہ ٹیسٹ دینا چاہتے ہیں ان کا امتحان بھی اسی طرح ہوگا، ان بچوں کی ڈیٹ شیٹ نویں اور گیارہویں کے ساتھ جاری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امپروومنٹ والے بچوں کا امتحان اگست میں ہو گا اور پہلی بار امتحانات میں ڈیجیٹل حاضری لگے گی جبکہ فیڈرل بورڈ کے ڈیش بورڈ پر بچوں کی حاضری غیر حاضری کا پتہ چل جائےگا، ڈیجیٹل امتحانات کی انسپکشن بھی ہوگی۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ کا کہنا تھا کہ ابھی امتحانات کے پریکٹیکل نہیں لے رہے، آئندہ امتحانات میں پریکٹیکل لیں گے، پریکٹیکل کے نتائج ایک گھنٹے میں موصول ہوجائیں گے، امتحانی پیپر ای مارکنگ کے ذریعے چیک ہوں گے اور اس طریقہ کار سے معروضیت آ جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے 30 روز کے اندر امتحانات کے نتائج کا اعلان ہو جائے۔