غیر معمولی گرمی ، سرکاری سکولوں نے اوقات کار کم کردیئے، نوٹیفکیشن جاری

غیر معمولی گرمی ، سرکاری سکولوں نے اوقات کار کم کردیئے، نوٹیفکیشن جاری
سورس: file photo

اسلام آباد: گرمی کی شدید لہر کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کے اوقات تبدیل کردیئے گئے ہیں اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی سے متعلق جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے تعلیمی ادارے پیر تا جمعرات صبح 7 سے دن 11 تک کھلے رہیں گے جبکہ ڈبل شفٹ والے تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ صبح 7 سے 11 بجے تک ہی کلاسز ہوں گی۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں میں متبادل دنوں میں 50 فیصد بچے بلانے کی اجازت ہو گی۔ خیال رہے کہ پہلے تعلیمی اداروں کے اوقات کار صبح 8 بجے سے 1 بجے تک تھے۔ 
واضح رہے کہ آج ملپور بارہ کہو میں بجلی نہ ہونے سے گورنمنٹ فیڈرل سکول میں 25 بچے بے ہوش ہو گئے تھے، بچوں کو ناک سے خون آنا شروع ہو گیا تھا جس پر بچوں کے سر پر پانی ڈال کر ناک سے بہتے خون کو روکنے کی کوشش کی گئی۔
بچوں کو طبی امداد دینے کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکول میں بجلی کی عدم دستیابی سے متعلق واپڈا کو اطلاع بھی دی مگر بجلی بحال نہ ہو سکی اور ممکنہ طور پر اس وجہ سے ہی وفاقی دارالحکومت میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔