پی ایس ایل میں فاسٹ باؤلنگ سب سے بہترین ہے: صہیب مقصود 

پی ایس ایل میں فاسٹ باؤلنگ سب سے بہترین ہے: صہیب مقصود 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے کرکٹر صہیب مقصود نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی لیگ میں پی ایس ایل اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں فاسٹ باؤلنگ کو بہترین شمار کروں گا، پی ایس ایل میں ایسے کئی نوجوان ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار میں باؤلنگ کر سکتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق صہیب مقصود نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فاسٹ باؤلنگ کو ٹاپ پر قرار دوں گا کیونکہ یہاں کئی ایسے لڑکے ہیں جو 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کر کے بلے بازوں کیلئے شدید مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
 26 ایک روزہ انٹر نیشنل اور 20 ٹی 20انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 34 سالہ صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز پلے آف میں کوالیفائی کر سکتی ہے، ہم اسے چھوٹا ٹورنامنٹ سمجھ کر کھیلیں گے ، ہمارے پاس پانچ میچز ہیں اور کوشش کریں گے کہ کم از کم چار میچز ضرور جیتیں اور پلے آف کیلئے کوالیفائی کریں۔
صہیب مقصود نے کہا کہ پاور ہٹنگ کیلئے بڑی محنت درکار ہو تی ہے اور میں صرف پاور ہٹنگ کی خاص طور پر محنت نہیں کر رہا بلکہ میری کوشش ہے کہ میں اپنے قدرتی سٹائل پر محنت کروں اور اسے مزید نکھاروں، آپ کا ہدف قومی ٹیم میں کم بیک ہو تو پھر آپ کو فٹنس پر بہت کام کرنا ہوتا ہے ، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں مجھے بہت فائدہ ہوا اور کوچز کے ساتھ میں نے اپنی فٹنس پر کام کیا ، پہلے سے بہت فٹ ہوں اور پی ایس ایل میں اچھا کرنا ٹارگٹ ہے۔