پیپلز پارٹی کے خلاف بات نہ کرنا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی ہے: رانا ثناءاللہ

پیپلز پارٹی کے خلاف بات نہ کرنا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی ہے: رانا ثناءاللہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف بات نہ کی جائے کیونکہ ان کے خلاف بات کرنے کا مطلب حکومت کو ریلیف دینا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان میں متحدہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے، لانگ مارچ کے آخر میں استعفیٰ دے کر اپوزیشن باہر آتی تو اس کا نتیجہ مرتب ہوتا، پیپلز پارٹی نے استعفوں پر اتفاق نہیں کیا اور اس وجہ سے لانگ مارچ بھی نہیں ہو سکا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں، پارلیمنٹ میں ایک موقف اختیار کیا جائے، جعلی حکومت کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اتحاد بنا کر سب نے مل کر جدوجہد کی۔ 
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے یکجہتی کے ساتھ جلسے جلوس اور ریلیاں نکالیں مگر لانگ مارچ پر اتفاق نہیں ہو سکا لیکن ہم یہاں رکیں گے نہیں کیونکہ پی ڈی ایم نے عوامی رائے ہموار کی ہے اور یہی اس کی کامیابی ہے۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے میں حکومت کے باوجود یہ لوگ ضمنی انتخابات ہار گئے، عام انتخابات میں یہ لوگ گھروں سے نکل نہیں سکیں گے، حتیٰ کہ الیکشن مہم نہیں چلاسکیں گے۔