تاجروں نے 8 بجے مارکیٹس بند کرنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا

تاجروں نے 8 بجے مارکیٹس بند کرنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا

لاہور: تاجروں نے حکومت کے مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

تاجر قائدین کا کہنا ہے ہول سیل مارکیٹیں 8 بجے بند ہو جاتی ہیں ریٹیل مارکیٹوں میں کاروبار شام کے وقت ہوتا ہے، پہلے ہی مہنگائی ہونے کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہیں اب حکومت تاجروں کو مزید پریشانی میں مبتلا کرنا چاہتی ہے۔

حکومت فیصلہ کرنے سے قبل تاجر عہدیداران سے مشاورت کرے اور اس کا حل نکالے ورنہ تاجر اپنے بچوں کا رزق کمانے کی خاطر سڑکوں پر نکلیں گے۔

دوسری جانب صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا  کہ شام 8 بجے دکانیں بند کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں،   تاجر کسی صورت اپنا کاروبار شام 8 بجے بند نہیں کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ  ہر اس سیکٹر کی بجلی بند کریں جو مفت دی جارہی ہے۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ حکمران اپنے اے سی بند کریں گے تو غریب کا پنکھا چلے گا۔ حکومت بجلی نہیں دے سکتی تو جنریٹر چلا کرکام کرنے دے۔ 

صدر انجمن تاجران کے مطابق اتنی شدید گرمی میں خریدار کا گھر سے نکلنا ممکن ہی نہیں۔ کوئی بھی خریدار شام سے پہلے گھر سے نہیں نکلتا۔ انہوں نے صبح دُکانیں کھولنے کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا۔

مصنف کے بارے میں