کویت کی سمندر پر سڑک نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی

کویت کی سمندر پر سڑک نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی

کویت سٹی: کویت نے جدید ترین انداز سے سمندر پر سڑک کی تعمیر شروع کر دی ہے، جسے دنیا کے سب سے بڑے کاز ویز (سطح آب کے اوپر بلندی پر تعمیر کی گئی سڑک) میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
 یہ سمندری سڑک ملک کے شمالی خطے سبایہ میں تعمیر کئے جانے والے جدید ترین ’سلک سٹی‘ تک جائے گی۔ اربوں ڈالر کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والا یہ سلک سٹی خطے کا نمایاں ترین فری ٹریڈ زون ہوگا، جو خلیجی ممالک کو وسطی ایشیاءاور یورپ کے ساتھ منسلک کرے گا۔ نئے تجارتی شہر تک رسائی کے لئے 36 کلومیٹر طویل پل تعمیر کیا جائے گا جس کا تین چوتھائی حصہ پانی کے اوپر ہوگا۔ یہ کاز وے کویت سٹی اور سبایہ کے درمیان 90 منٹ کے سفر کو کم کرکے 20 سے 25منٹ کا کردے گا۔

ایک اندازے کے مطابق نئے سلک سٹی پراجیکٹ کی تعمیر پر 100 عرب ڈالر تقریباً  زائد رقم خرچ کی جائے گی اور اسے توانائی فراہم کرنے کے لئے سبایہ میں 5ہزار میگاواٹ کے ایک پاور پلانٹ کی تعمیر پہلے ہی کی جاچکی ہے۔
شیخ جابر الاحمد الصبا کاز وے، جس کا نام جنوری 2006ءمیں دنیا سے رخصت ہونے والے مشہور و مقبول کویتی امیر کے نام پر رکھا گیا ہے، تین ارب ڈالر (تقریباً تین کھرب پاکستانی روپے) کے اخراجات سے تعمیر کیا جانے والا اور خطے کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک نمایاں منصوبہ ہے۔ تیل کی قیمت میں غیر معمولی کمی کے باوجود کویت اس عظیم الشان منصوبے کا تین چوتھائی حصہ پہلے ہی مکمل کرچکا ہے۔
قریبی بوبیان جزیرے پر ایک بڑی کنٹینر بندرگاہ کی تعمیر بھی جاری ہے۔ بندرگاہ اور کاز وے کی تعمیر مکمل ہونے پر یہ علاقہ پانچ جزیروں پر مشتمل ایسا فری ٹریڈ زون بن جائے گا جس کی مثال خطے میں کہیں اور ملنا مشکل ہوگی۔ ’سبایہ برج‘ دنیا کا چوتھا بڑا پل ہوگا۔ اس وقت امریکہ کا لیک پونٹ چار ٹرین کاز وے 38.44 کلومیٹر طوالت کے ساتھ پانی پر بنایا گیا دنیا کا طویل ترین پل ہے۔