سندھ کی تعمیر نو اور عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے: وزیراعظم

سندھ کی تعمیر نو اور عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے: وزیراعظم

ٹھٹھہ: وزیراعظم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا سندھ کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔ سندھ کے گوٹھوں اور دیہات کو نیا ولولہ دیں گے۔ آج محبت کے نئے رشتے میں بندھے جا چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا سندھ کی تعمیر نو مشکل ہے لیکن عوام کی مدد سے اس مشکل کو آسان بنا دیں گے۔ ہم کراچی کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا یہ تمام مسائل صوبائی حکومت کو حل کرنا چایئے تھے۔ سندھ اور کے پی کے کی حکومت نے کہا تھا ہم صحت کا کام خود کریں گے اب سندھ حکومت ہم سے کہتی ہے آپ صحت کارڈ دیں۔ کچھ لوگوں کے گھر اور جائیدادیں بک جاتی ہیں لیکن علاج کے پیسے پورے نہیں ہوتے۔ صحت کارڈ کا منصوبہ فاٹا اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا سندھ حکومت اپنا حصہ ڈالے یا نہ ہم ٹھٹھہ کو ہیلتھ کارڈ دیں گے اور اس علاقے میں 500 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنائیں گے۔ وزیراعظم نے ٹھٹھہ کے 250 دیہات کو بجلی فراہم کرنے کیساتھ ٹھٹھہ اور سجاول کے لئے 110 کروڑ روپے گیس کے منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا جب ہم حکومت میں آئے تھے ملک اندھیروں میں تھا اور اب ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کم ہو گئی ہے۔

وزیراعظم نے کیٹی بند روڈ کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں زمینوں کو سمندری کٹاؤ سے بچانے کلیئے بند بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا سکھر سے ملتان موٹروے کی تعمیر کا آغاز ہو چکا ہے جس سے سندھ کی عوام کو پنجاب میں آنے سے آسانی پیدا ہو گی۔ وزیراعظم نے ٹھٹھہ کی عوام سے وعدہ کیا یہاں پر یونیورسٹی بھی تعمیر کی جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں