رابی پیرزادہ کے گانےپر لوگوں کا زیادہ تر منفی رد عمل

رابی پیرزادہ نے بھی نصرت فتح علی خان کے اس شاندار گانے کا ری مکس کیا، جس پر لوگوں نے رائے کا اطہار بھی کیا جو زیادہ تر منفی ہی رہا!

رابی پیرزادہ کے گانےپر لوگوں کا زیادہ تر منفی رد عمل

لالی ووڈ: پاکستان کی تاریخ میں لوگوں کے سامنے ایسے ایسے فنکار ابھر کر سامنے آئے جن کو شاید رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، ان میں ایک نام فن قوالی کو پوری دنیا میں متعارف کرانے والے عظیم قوال استاد نصرت فتح علی خان کا بھی ہے۔


استاد نصرت فتح علی خان صاحب نے اپنی زندگی میں شاندار گیت اور قوالیاں گائیں جنہیں سُن کر شائقین آج بھی ایک عجیب سی خوشی اور سکون محسوس کرتے ہیں۔نصرت فتح کے کئی کامیاب گیتوں میں سے ایک میرے رشک قمربھی ہے، جو دنیا بھر میں آج بھی کافی مقبول ہے، اس گانے کو کئی معروف اور نامور گلوکاروں نے دوبارہ گایا البتہ نصرت فتح خان جیسا اس گیت کو کوئی بھی نہیں گا سکا۔

ان تمام گلوکاروں میں ایک اور گلوکارہ بھی ہیں، جنہوں نے اپنا نام بھی نصرت فتح علی خان کے اس گانے کو ری مکس کرنے کی فہرست میں شامل کروا لیا۔گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بھی نصرت فتح علی خان کے اس شاندار گانے کا ری مکس کیا، جس کی سوشل میڈیا پر کافی چرچا ہورہی ہے۔

اس گانے کو گلوکارہ نے اپنے فیس بک پر شیئر کیا، اور لکھا 'انتظار ختم ہوا، بانو کِلر اس سال کے سب سے پسندیدہ گانے میرے رشک قمر کے ساتھ آچکی ہے، لڑکیاں کمزور نہیں ہوتی، اور وہ اپنے حق کے لیے لڑ بھی سکتی ہیں۔

اس گانے میں گلوکارہ جامنی اور پیلے رنگ کے لباس میں غنڈوں سے لڑتی نظر آئیں، اس گانے میں ان کے ہاتھ میں ہتھیار اور سانپ بھی تھے، کہانی کچھ ایسی پیش کی گئی کہ انہوں نے خود کو ملے ہوئے دھوکے کا بدلہ لیا۔

اگر غیر جانب داری سے دیکھا جائے تو گانے کی فلم بندی خاصی بے تکے انداز سے کی گئی ہے، لیکن سب سے اہم سوال یہ ہے کہ کیا نصرت فتح علی خان کے اس معروف گانا کا اس طرح سے ری-مکس بنانا صحیح ہے؟لوگوں نے اس گانے پر سوشل میڈیا میں اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا، جو زیادہ تر منفی ہی رہا۔