پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے

پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے

دبئی : پاکستان سپر لیگ میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانز جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی کا ٹاکرا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔لاہور قلندرز ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے اپنے تمام 6 میچز میں ناکام رہی ہے اور ساتویں میچ میں کپتان برینڈن میکولم جیت کے لئے پرامید ہیں۔

میکولم کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 3 میں نتائج خراب رہے ہیں لیکن شائقین کرکٹ کے سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،باقی میچوں میں اچھا کھیل پیش کریں گے اور اس سیزن کا اختتام مثبت انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔ملتان سلطانز اب تک کامیاب ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے جس نے اپنے 7 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی اور دو میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔

یہ بھی پڑھیں : بیوی کے الزامات ،محمد شامی کیخلاف ایف آئی آر درج
 

ایونٹ کا آج کھیلا جانے والا دوسرا میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں 6،6 میچز کھیل چکی ہیں لیکن زیادہ میچز میں کامیابی حاصل کرنے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی پر سبقت حاصل ہے، مصباح الیون نے 4 اور ڈیرن سیمی الیون نے 3 میچز میں کامیابی حاصل کی۔پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ پشاور زلمی 6 پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں