ملتان سلطانز کی لاہور قلندرز کیخلاف شاندار بیٹنگ جاری

ملتان سلطانز کی لاہور قلندرز کیخلاف شاندار بیٹنگ جاری

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں ملتان سلطانز کی لاہور قلندرز کے خلاف شاندار بیٹنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا ہے اور اب سے کچھ دیر پہلے تک 6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 54رنز بنائے ہیں۔
رواں سیزن میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطان نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دی تھی۔اس میچ کی خاص بات جنید خان کی ہیٹ ٹرک تھی جب انھوں نے یاسر شاہ، کیمرون ڈلپورٹ، اور رضا حسن کو آوٹ کیا تھا۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان سلطانز کی ٹیم نو پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
اس نے اب تک سات میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے چار میں فتح اور دو میں ناکامی کا سامنا کیا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم تاحال اس ٹورنامنٹ میں فتح کا ذائقہ چکھنے سے محروم رہی ہے اور سات میچوں میں شکست کے بعد اس کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے مواقعے معدوم ہو گئے ہیں۔