لاہور قلندر کو جیت کیلئے 115رنز کا آسان ترین ہدف مل گیا

لاہور قلندر کو جیت کیلئے 115رنز کا آسان ترین ہدف مل گیا

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بیسویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 114 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ لاہور کی ٹیم کو جیتنے کیلئے 115 رنز کا ہدف مل گیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جار ہے میچ میں شعیب ملک الیون شاندار آغاز کے باوجود بڑا ہدف نہ دے سکی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کمارا سنگا کارا اور احمد شہزاد نے کیا اور دونوں نے اپنی ٹیم کو 61 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔سلطانز کو پہلا نقصان نویں اوور میں ہوا جب کمارا سنگا کارا ایک اور اچھی اننگز کھیل کر سنیل نارائن کی گیند پر ڈیو چچ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگ کھیلی۔احمد شہزاد بھی 92 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنا کر میکلنگھن کا شکار ہو گئے۔

احمد شہزاد کے آوٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود بھی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صہیب مقصود کو سنیل نارائن نے بولڈ کیا۔صہیب کے آوٹ ہونے کے بعد شاہین آفریدی ملتان سلطانز کے لیے ڈراونہ خواب بن گئے اور ایک ہی اوور میں تین کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے مخالف ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں۔
شاہین آفریدی نے اپنے دوسرے اوور میں شعیب ملک، وائٹلے اور سیف بدر کو آوٹ کیا تاہم وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کر سکے۔گزشتہ میچ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے سہیل تنویر 2 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ سہیل خان کی سلو بال کو سمجھ نہ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔
قبل ازیں ملتان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز نے آج کے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ عامر یامین، دنیش رامدین اور عمران جونیئر کی جگہ سہیل اختر، صدف گلریز اور میکلنگھن کو موقع فراہم کیا گیا ہے۔