راہول گاندھی نے کشمیر میں بگڑتی صورتحال کا ذمہ دار مودی کو ٹھہرا دیا

راہول گاندھی نے کشمیر میں بگڑتی صورتحال کا ذمہ دار مودی کو ٹھہرا دیا

نئی دہلی: بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے مودی سرکار کی کشمیر پالیسی کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف اعتماد سازی سے کشمیر کا مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راہول گاندھی نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے ذمہ دار مودی ہیں کیونکہ وہ وادی میں مفاہمانہ پالیسی پر عمل نہیں کر رہے۔ سال 2004 میں جب یوپی اے نے مرکز میں سرکار بنائی تو کشمیر جل رہا تھا لیکن سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کی سربراہی والی سرکار نے کشمیر کے تعلق سے مفاہمانہ پالیسی اپنائی اور یہی وجہ تھی کہ وہاں حالات میں بہتری آئی۔

کانگریس کے صدر نے مزید کہا کہ سال 2014 میں جب وہ کشمیر گئے تو انہوں نے وہاں لوگوں کو کافی پریشان دیکھا کیونکہ مرکز میں برسراقتدار حکومت نے غلط اقدامات کا تب ہی آغاز کر دیا تھا، اسکے بعد سے کشمیر کے حالات بگڑتے چلے گئے اور اب وہاں صورتحال بد سے بدتر ہوچکی ہے۔