بلاول کی نواز سے آج ملاقات کا وقت طے ہو گیا

بلاول کی نواز سے آج ملاقات کا وقت طے ہو گیا
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: بلاول بھٹو زرداری کی نواز شریف سے ملاقات آج ہو گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اجازت دے دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اجازت مانگی تھی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے چیئرمین پیپلزپارٹی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ملاقات کی اجازت دیدی۔

ملاقات آج شام 5 بجے ہو گی۔ قمر زمان کائرہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جمیل سومرو بھی بلاول کے ہمراہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو ملاقات کے دوران نواز شریف سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کریں گے۔

دوسری طرف ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا نواز شریف جہاں بھی علاج کرانا چاہیں بتا دیں ہم تیار ہیں۔ نواز شریف کی صحت سے متعلق سیاست ہو رہی ہے۔

شہباز گل نے بتایا پنجاب حکومت نے نواز شریف کیلئے لائف سیونگ یونٹ بنانے کا اعلان کیا ہے اور ایمرجنسی کے لیے انتظامات مکمل ہیں جبکہ ایمبولینس ہسپتال کے باہر موجود ہو گی۔